
بارش برسانے والا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ کچھ ہفتوں سے جاری خشک موسم کے بعد بارش برسانے والا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہوا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں چند ہفتوں سے راتیں ٹھنڈی اور دن میں موسم گرم اور خشک دیکھا جا رہا تھا، جس کے بعد نیا بارش کا سسٹم صوبے میں داخل ہونے کے نتیجے میں آج گجرانوالہ، راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن کے اضلاع میں بارش اور تیز ہوا چلنے کی توقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبے کے کئی اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور اور دیگر ڈویژنز میں بادل بغیر برسے ہی گزر جائیں گے۔
لاہور میں آج بادلوں چھائے رہنے کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، تاہم محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کے امکانات کو رد کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگا ، جس سے کچھ ہفتوں سے جاری خشک موسم کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 19 جب کہ زیادہ سے زیادہ 32 تک جانے کے امکانات ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔