
بھارتی کرکٹ کے سابق کپتان ویرات کوہلی، جو عام طور پر کرکٹ میدان میں چھکوں چوکوں یا اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ رومانوی تصاویر کی وجہ سے ٹرینڈ کرتے ہیں، اس بار ایک انوکھے سبب سے خبروں میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر نے طوفان کھڑا کر دیا ہے جس میں ایک ترک اداکار کو دیکھ کر سب کے ذہن میں یہی سوال ابھرا: ’’کیا واقعی ویرات کوہلی نے ترک ڈرامے ارطغرل میں اداکاری شروع کردی؟‘‘
دراصل معاملہ کچھ یوں ہے کہ ترک ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ کے ایک اداکار کاویٹ چیتن گونر کی تصویر وائرل ہوئی ہے جو حیرت انگیز طور پر ویرات کوہلی سے ملتی جلتی ہے۔ تصویر دیکھتے ہی فینز کے ذہن میں یہی سوال آیا کہ کیا یہ واقعی ان کا کرکٹ ہیرو ہے؟
سوشل میڈیا صارفین نے تصویر پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مشابہت اتنی حیران کن ہے کہ میں یقین ہی نہیں کر پا رہا کہ یہ ویرات نہیں ہے‘‘ جبکہ ایک صارف نے مزاح میں کہا ’’نیپوٹزم حد سے تجاوز کر گیا ہے!‘‘
اگرچہ ویرات کوہلی نے کئی اشتہارات میں کام کیا ہے، لیکن وہ کبھی کسی ڈرامے یا فلم میں نظر نہیں آئے۔ یہ صرف ایک اتفاقی مشابہت ہے جو سوشل میڈیا پر میمز کا موضوع بن گئی ہے۔
پاکستانی اور بھارتی فینز نے اس مشابہت پر مزاحیہ تبصرے کیے ہیں۔ کچھ نے اس تصویر پر ’’ویرات کوہلی کا ترک ورژن‘‘ لکھا، تو کچھ نے تبصرہ کیا کہ ’’اب ہمیں پتا چلا کہ ویرات آف سیزن میں کیا کرتے ہیں!‘‘
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔