
خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ اور ملاکنڈ میں گاڑیاں کھائی اور نہر میں گرنے کے حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ کی تحصیل درگئی میں موٹر کار نہر میں جا گری، حادثہ میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، افسوس ناک واقعہ افغان مہاجر کیمپ کے مقام پر پیش آیا، کار میں ڈرائیورو کے علاوہ 3 خواتین اور کمسن بچی سوار تھے۔
ریسکیو ٹیم اور مقامی رضاکاروں نے واٹر سرچ آپریشن کر کے جاں بحق تمام افراد کی لاشیں نکال لیں، جنہیں درگئی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔
شانگلہ میں الپوری کے نواحی علاقے ملک خیل کوٹکے میں جیپ گہری کھائی میں جا گری، حادثہ میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
حادثہ افطار سے کچھ دیرے پہلے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو1122 کے مطابق حادثہ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر دم توڑ چکے تھے، 3 شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو سیدو شریف ہسپتال سوات روانہ کر دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں سلمان خان، رحمت اللہ، امیرسہیل، فضل بٹ، فیصل خان شامل ہیں، زخمیوں میں سرفراز، ظفر خان اور نصیب بشارت شامل ہیں، جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق تحصیل پورن سے ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔