گلیات اور چترال کا گرم چشمہ عالمی سطح پر بایوسفیئر ریزرو قرار

کے پی حکومت جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کو محفوظ بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے


ویب ڈیسک March 28, 2025

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے خیبر پختون خوا کے گلیات اور چترال بشقار گرم چشمے کو عالمی سطح پر بایوسفیئر ریزرو کا درجہ دے دیا ہے۔

ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے دو قدرتی مقامات کو عالمی حیثیت اور پہچان مل گئی ہے جس میں گلیات اور چترال گرمہ چشمہ بایوسفیئر ریزرو بن گئے ہیں۔

یونیسکو یہ درجہ ان قدرتی علاقوں کو دیتا ہے جہاں جنگلی حیات، جنگلات، دریاؤں اور دیگر ماحولیاتی نظام کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ مقامات نہ صرف قدرتی حسن اور حیاتیاتی تنوع کے لحاظ سے اہم ہیں بلکہ یہاں مقامی آبادی فطرت کے ساتھ ہم آہنگ زندگی گزارتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سنگ میل ماحول کے تحفظ، پائیدار ترقی اور سائنسی تحقیق کے فروغ میں ایک تاریخی پیش رفت ہے اور مقامات کو عالمی تحفظ کی فہرست میں شامل کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ یہ پیشرفت خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانے کے عزم کا ثبوت ہے جبکہ حکومت جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کو مزید محفوظ بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں