
اے این ایف کے آپریشنز میں 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ اور خرید و فروخت کے خلاف مہم کے تحت اینٹی نارکوٹکس فورس کی مختلف شہروں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران 8 آپریشنز میں 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 20 کروڑ 49 لاکھ سے زائد مالیت کی 2530.11 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے ذاکر کیمپ چاغی کے غیر آباد علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 2311 کلو چرس اور 66 کلو افیون برآمد کرلی۔ علاوہ ازیں مستونگ میں دشت کے پہاڑی علاقے سے 105 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ حیدر آباد میں ہوٹل کے قریب ملزم سے 18 کلو چرس برآمد کی گئی۔
علاوہ ازیں فیض پور انٹرچینج جڑانوالہ لاہور کے قریب ملزم کے سفری بیگ میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے عمان بھیجے جانے والی الیکٹرک موٹر سے 8.970 کلو گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
دریں اثنا چوہڑ چوک بس اسٹاپ راولپنڈی کے قریب گاڑی سے 6 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سمیت ملزم کے قبضے سے 600 گرام افیون اور 540 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح پشاور میں کوریئر آفس سے لاہور بھیجے جانے والے 4 پارسلز سے مجموعی طور پر 150 گرام افیون اور 1.850 کلو چرس برآمد ہوئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔