
کامیڈین حسن عباس کو یوم پاکستان کے موقع پر نیویارک میں اعتراف فن ایوارڈ دیا گیا۔
برصغیر پاک و ہند میں حسن عباس کا نام اسٹینڈ اپ کامیڈی میں سرفہرست ہے۔ وہ گزشتہ 40 سال سے فن موسیقی، کامیڈی، اسٹیج، ٹی وی، فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔
کامیڈین نے اپنے فنی سفر کے دوران موسیقی کے نامور اساتذہ کرام استاد نصرت فتح علی خان اور استاد غلام عباس کی باقاعدہ شاگردی کی اور برصغیر کے نامور غزل گو استاد غلام علی، استاد مہر علی اور استاد شیر علی قوال، نامور کامیڈین مرحوم امان اللہ خان اور سہیل احمد کی صحبت میں طویل وقت گزارا۔
اپنے ان اساتذہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حسن عباس نے فن موسیقی میں کلاسیکل میوزک، میوزک کامیڈی، پیروڈی، تاثرات کی اداکاری اور صداکاری کا بہترین امتزاج قائم کیا۔ ان کے مداح برصغیر پاک و ہند، مشرق وسطیٰ، فار ایسٹ، یورپ اور امریکا تک پھیلے ہوئے ہیں جہاں گزشتہ 30 سال میں انہوں نے کئی بار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
کامیڈین حسن عباس کو فنکاروں کا فنکار بھی کہا جاتا ہے۔ وہ اپنے فن سے نہ صرف عوام کو محظوظ کرتے ہیں بلکہ وہ سینئر ساتھی فنکاروں کےلیے بھی تفریح کا سبب ہیں اور اکثر ان کی نجی محفلوں کی رونق بڑھاتے ہیں۔
حسن عباس کو پاکستانی اسٹیج تھیٹر سے کئی ایوارڈز مل چکے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ انہیں نیویارک امریکا میں کسی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں انہیں نیویارک میں ’’مسٹر کامیڈی‘‘ کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔