وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کی آڑ کے نعروں میں اپنے اصل ایجنڈے کی وضاحت کریں۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وطن روانگی کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل صرف جمہوریت ہے اور عوام نے بھی عام انتخابات میں جمہوریت کے حق میں ہی ووٹ دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جبکہ حکومت اقتصادی اصلاحات متعارف کرانے کے لیے بھی بھرپور طریقے سے کام کررہی ہے تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جاسکے۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحفظات کے باوجود انتخابات کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اب ایک سال بعد وہ لانگ مارچ کی باتیں کررہے ہیں تاہم انہیں لانگ مارچ کے نعروں کی آڑ میں اپنے اصل ایجنڈے کی وضاحت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آئی ڈی پیز کی مشکلات میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بلوچستان سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبے میں صورتحال کافی بہترہورہی ہے اور وہاں کے مسائل میں خاصی کمی بھی واقع ہوئی ہے۔