وزیراعظم کا امیرِ قطر، عمان کے سلطان اور تاجکستان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد

شہباز شریف نے امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق اور تاجک صدر، امام علی رحمن سے بات چیت کی


ویب ڈیسک March 29, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی، عمان کے سلطان عزت مآب ہیثم بن طارق اور تاجکستان کے صدر، عزت مآب امام علی رحمن اور مصر کے صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم اور امیر قطر کے مابین اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے غزہ میں امن کے قیام کیلئے امیر قطر کے سرگرم و مؤثر کردار اور خصوصی کوششوں کی تعریف کی. 

بیان کے مطابق عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد کو قبول کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

امیر قطر نے وزیرِ اعظم کے دورہ قطر کے دوران منظر آرٹ گیلیری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر اظہار تشکر کیا جب کہ وزیرِ اعظم نے اس نمائش کے انعقاد اور خصوصی دعوت پر امیر قطر اور عالی مرتبت شیخہ المیاسہ کا شکریہ ادا کیا۔

 قطر کے امیر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے فروغ کیلئے اعلی سطح قطری وفد عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان قطر ثقافتی تعاون اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کی تاریخ پر لاہور میں ایک نمائش کے انعقاد کی تجویز دی جس کا قطری امیر نے خیر مقدم کیا۔

وزیرِ اعظم نے قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم کا عمان کے سلطان، عزت مآب ہیثم بن طارق سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ 

اس کے علاوہ وزیراعظم نے عمان کے سلطان، عزت مآب ہیثم بن طارق سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں بھی عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے درمیان ثقافتی، مذہبی اور جغرافیائی قربت پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم نے پاکستان کے وزیر تجارت کے مسقط کے حالیہ کامیاب دورے پر اطمینان کا اظہار کیا، جس سے دونوں فریقین میں  باہمی تعاون سے  شراکت کے نئے مواقع تلاش کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد کو قبول کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر، عزت مآب امام علی رحمن سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا، وزیراعظم نے صدر امام علی رحمان کو عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور تاجک عوام کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا، تعلقات کے مزید فروغ کیلئے آئندہ کے باہمی لائحہ عمل و مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے کرغز-تاجک سرحد کی حد بندی سے متعلق حالیہ معاہدے پر دستخط کو سراہتے ہوئے صدر تاجکستان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ تاجکستان میں مئی 2025 کے اواخر  میں  دوشنبے میں "گلیشئیر کی حفاظت" کانفرنس میں شرکت کے  منتظر ہیں. 

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر امام علی رحمن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

قطر اور مصر کے سربراہان نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ تاجک صدر سے "گلیشیئر کی حفاظت" کانفرنس میں شرکت پر بات ہوئی۔ عمان کے سلطان کے ساتھ تجارتی و دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا قطر اور مصر کی جانب سے اعلیٰ سطحی وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم نے تمام رہنماؤں کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں