
بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنجے دت نے اپنے قریبی دوست اور سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ 25 سال بعد ایک فلم میں کام کرنے کی تصدیق کی ہے۔
سنجے دت ہفتے کو ممبئی میں اپنی آنے والی فلم ’’دی بھوتنی‘‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر موجود تھے، جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اپنے مستقبل کے پروجیکٹ میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی تصدیق کی۔
سنجے دت نے میڈیا سے کہا، ’’آپ نے ’ساجن‘ دیکھ لی، ’چل میرے بھائی‘ دیکھ لی، اب ہم دونوں کی ’ٹشن‘ دیکھیے۔ میں فلم کےلیے بہت پرجوش ہوں۔ مجھے یہ سوچ کر بھی خوشی ہورہی ہے کہ میں 25 سال بعد اپنے چھوٹے بھائی (سلمان خان) کے ساتھ کام کروں گا۔‘‘
یاد رہے کہ سلمان خان اور سنجے دت بالی ووڈ کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں نے پہلے بھی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے پانچویں سیزن کو مشترکہ طور پر ہوسٹ کیا تھا۔
سنجے دت آخری بار اسٹریمنگ فلم ’گھڑچڑی‘ میں نظر آئے تھے۔ ان کی نئی فلم ’دی بھوتنی‘ ایک ایکشن انٹرٹینر فلم ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پروجیکٹ ان کے اور سلمان خان کے درمیان طویل عرصے بعد ہونے والا ایک اہم تعاون ہوگا۔
دونوں اداکاروں کی آخری مشترکہ فلم 1999 میں ریلیز ہونے والی ’چل میرے بھائی‘ تھی۔ اس سے قبل وہ 1991 کی سپر ہٹ فلم ’ساجن‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔