
بھارتی ریاست گجرات میں پٹاخوں کی فیکٹری اور گودام میں دھماکے سے 17 مزدور ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گجرات کے ڈیسا میں پٹاخوں کی فیکٹری اور گودام میں دھماکے کے بعد خوفناک آگ لگنے سے 17 مزدور ہلاک ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر مہر پٹیل کے مطابق آگ دیپک ٹریڈرز میں لگی جس سے افراتفری پھیل گئی اور فیکٹری کی سلیب گرنے سے ریسکیو آپریشن میں تعطل پیدا ہوا، ڈیسا میونسپلٹی کے فائر فائٹرز نے 108 ایمبولینس ٹیموں کے ساتھ جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن کیا۔
انہوں نے ابتدائی طور پر 6 ہلاکتوں کی اطلاع دی لیکن مرنے والوں کی تعداد بڑھ گئی جب کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا اور ملبے کے نیچے دبے افراد کو تلاش کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ بوائلر پھٹنے سے لگی, دھماکے کی شدت اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ اتنی زیادہ تھی کہ عمارت کے کچھ حصے منہدم ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا، کولنگ آپریشن جاری ہے، ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔