اسرائیل نے غزہ میں آج مزید 17 لاشیں گرا دیں شہادتوں کی تعداد 1374 ہوگئی

صیہونی جیٹ طیاروں نے شیجائیا کے مصروف ترین بازار میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے


ویب ڈیسک July 31, 2014
صیہونی جیٹ طیاروں نے شیجائیا کے مصروف ترین بازار میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے. فوٹو؛فائل

غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملے میں مزید 17 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 24 روز سے جاری صیہونی بربریت کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 1374 ہوگئی۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں ایمرجنسی سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صیہونی جیٹ طیاروں نے شیجائیا میں غزہ سٹی اور بارڈر کے قریب مصروف ترین بازار میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل گزشتہ روز صیہونی فوج نے ٹینکوں کی مدد سے ایک اسکول میں قائم اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپوں پر شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 17 افراد شہید جبکہ ایک روز کے دوران 111 افراد شہید ہوگئے تھے جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔


دوسری جانب اقوام متحدہ کو اسکول میں قائم کیمپوں کو نشانہ بنانے پر اقوام متحدہ، امریکا اور فرانس نے بھی شدید مذمت کی جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پناہ گزین کیمپ پر حملے کو ظالمانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ حملہ ناقابل جواز ہے جس کا احتساب ہونا چاہیئے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اس وقت تک دم نہیں لے گا جب تک حماس کی تمام سرنگیں تباہ نہیں کر دی جاتیں، کابینہ کے اجلاس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے کے ساتھ یا اس کے بغیر تمام سرنگیں تباہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں