
او نیجا اینڈریو رابنسن، وہ امریکی خاتون جو چند ماہ قبل اپنے انٹرنیٹ پر ملنے والے محبوب کو تلاش کرنے کے لیے کراچی آئی تھی، نیو یارک پہنچ چکی ہے۔
نیویارک پہنچنے پر اونیجا نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیا جہاں اس نے اپنے امریکہ سے پاکستان اور پھر دبئی کے سفر پر گفتگو کی۔
او نیجا نے دبئی میں اپنی گرفتاری کی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرفتار نہیں ہوئیں بلکہ اسے ایک ایسی صورتحال کا سامنا تھا جس نے ان کے واپسی میں تاخیر کر دی۔
امریکی خاتون نے کہا کہ ’میں جیل نہیں گئی، بس دبئی میں پھنس گئی تھی۔ یہ ایسی صورتحال تھی جسے میں اس وقت نہیں سمجھ پا رہی تھی۔‘
پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے او نیجا نے بتایا کہ اس نے ایک پاکستانی مرد سے آن لائن بات کی تھی اور وہ اس کے ساتھ ایک رومانوی تعلق میں تھیں۔ اونیجا نے کہا، ’ہم انٹرنیٹ کے ذریعے ملے تھے‘۔
جب اونیجا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے لاپتہ آن لائن بوائے فرینڈ کو تلاش کرنے کے لیے پاکستان واپس جائیں گی، تو انہوں نے مبہم انداز میں کہا ’ہم اس پر بات کریں گے‘۔
اونیجا کا مزید کہنا تھا کہ اس کا واپس جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ نیو یارک میں ہی رہنا چاہتی ہے۔ اونیجا کے اس نئے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ 33 سالہ امریکی خاتون نے 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی اور اس نے 19 سالہ ندال میمن سے شادی کے ارادے سے پاکستان کا سفر کیا تھا، مگر ندال کے خاندان نے شادی کی مخالفت کی اور وہ لاپتہ ہو گئے۔ اس کے بعد امریکی خاتون کی محبت کا یہ عجیب و غریب واقعہ سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا جس کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔