
رمضان المبارک اور عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد عدالتوں کا روسٹر جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پیر سے معمول کے مطابق کام کا آغاز کرے گی۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جس میں مختلف سنگل اور ڈویژن بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔
روسٹر کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے 11 سنگل اور 5 ڈویژن بینچز دستیاب ہوں گے۔ پہلا ڈویژن بینچ قائم مقام چیف جسٹس اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ہوگا، جب کہ دوسرا ڈویژن بینچ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ہوگا۔
تیسرے ڈویژن بینچ میں جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہوں گے، تاہم یہ بینچ 7 اپریل سے 11 اپریل تک دستیاب نہیں ہوگا کیونکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز اس دوران دستیاب نہیں ہوں گی۔
چوتھے ڈویژن بینچ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان شامل ہوں گے، جب کہ پانچواں بینچ جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا۔
رجسٹرار آفس نے ججز کا ڈیوٹی روسٹر قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے جاری کردیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے اسپیشل اور لارجر بینچ بھی تشکیل دیے جا سکتے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔