ڈی جی خان: محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی میں 110 بٹیر بازیاب

بٹیر 7 لکڑی کے کریٹس میں غیر قانونی طور پر منتقل کیے جا رہے تھے


ویب ڈیسک April 05, 2025

لاہور:

ڈی جی خان میں محکمہ وائلڈ لائف نے 110 زندہ بٹیر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

یہ کارروائی ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، بازیاب کیے گئے بٹیر 7 لکڑی کے کریٹس میں غیر قانونی طور پر منتقل کیے جا رہے تھے۔

محکمہ وائلڈ لائف کی بروقت کارروائی سے اسمگلرز کے خواب چکنا چور ہو گئے۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بٹیر اسمگلنگ کو ناکام بنا کر جنگلی پرندوں کے تحفظ میں ایک اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلی حیات پر حملہ دراصل قدرتی توازن پر حملہ ہے اور ایسے عناصر کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ وائلڈ لائف ٹیمیں کرین اور بٹیر سمیت دیگر قیمتی پرندوں کے تحفظ کے لیے مختلف ہاٹ اسپاٹس پر مسلسل گشت کر رہی ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف نے عوامی سطح پر آگاہی مہمات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور دیہات میں خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل میں جنگلی حیات کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔ تربیتی پروگرامز کے ذریعے قدرتی ورثے کے تحفظ کا شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں