
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری ملاقات کے حوالے سے بہت ساری متنازع باتیں ہورہی ہیں، آج پوری تفصیلی بات کروں گا۔
ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر عدالت میں پیش ہوا ہوں، جعلی اور جھوٹے کیسز ہیں، عدالتوں کے وقار کو برباد کردیا، جمہوریت آئین قانون باقی نہیں، فیصلہ سازوں کو کہتا ہوں جھوٹے مقدمات تشدد سے پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کرے گا جب اقتدار میں بیٹھائے قومی مجرم جیلوں میں ہوں گے، ہمیں دوریوں کو ختم کرنا ہوگا، ظلم ختم کرنا ہوگا، ہم اپنے وکلاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں یہ ہر عدالت میں بغیر معاوضے کے پیش ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلاء آئین اور حق کے لئے کھڑے ہوئے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات کے حوالے سے بہت ساری متنازع باتیں ہورہی ہیں، آج پوری تفصیلی بات کروں گا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ وزیراعظم نہیں ہے، ٹاؤٹ ہے، فارم 47 والے ٹاؤٹ ہیں ملک و قوم کے نمائندے نہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔