
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بابر سلیم سواتی کے خلاف تحقیقات کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے اور انہوں نے انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی کمیٹی کو اپنا جواب جمع کروادیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کرپشن ثابت ہونے پر پارٹی اسپیکر کو عہدہ چھوڑنے کا کہے گی اور عہدہ نہ چھوڑنے پر اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جاسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بے گناہ ثابت ہونے پر اسپیکر اور اعظم سواتی میں صلح کا ٹاسک وزیراعلیٰ کو سونپ دیا گیا ہے، بےقاعدگیاں ثابت ہونے پر اسپیکر کو انہیں درست کرنے اور غلط فیصلے واپس لینے کا وقت دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے خلاف بھرتیوں اور پروموشنز میں بےقاعدگیوں کےالزامات ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور معروف وکیل قاضی انور نے کہا کہ بابرسلیم نے کرپشن نہیں کی، بھرتیوں کو کرپشن نہیں کہا جاسکتا، اگربھرتیاں کرپشن ہیں توپھر سابق اسپیکر اسدقیصر کو بھی جواب دہ ہونا چاہیے اور سابق اسپیکر مشتاق غنی کے دورمیں بھی اسمبلی میں بھرتیاں ہوئیں ان سے بھی جواب مانگاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملات دیکھیں گے اور کسی سےزیادتی نہیں ہوگی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔