آئی پی یو اسمبلی، چیئرمین سینٹ کا سماجی انصاف کیلئے عالمی پارلیمانی اتحاد کا مطالبہ

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ 150 ویں آئی پی یو اسمبلی سے خطاب کیا


ویب ڈیسک April 06, 2025
فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد:

چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تاشقند میں 150ویں انٹر پارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) اسمبلی میں سماجی انصاف کے لیے عالمی پارلیمانی اتحاد کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ 150 ویں آئی پی یو اسمبلی سے خطاب میں پسماندہ طبقات کی بہبود، صحت اور تعلیم تک رسائی اور مزدوروں کے حقوق کے لیے قانونی اصلاحات پر زور دیا۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں خواتین، نوجوان اور معذور افراد کے حقوق کے لیے قانونی تبدیلیوں کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ 

چئیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اقوام متحدہ کے وژن کے مطابق انسانی بہبود کو مارکیٹ پر ترجیح دینے کی اپیل کردی۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی خاموشی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مظالم کی سخت مذمت کی۔ 

اعلامیے کے مطابق چئیرمین سینٹ نے ترقی کو ہر فرد تک پہنچانے کے لیے پارلیمانوں کے باہمی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ منصفانہ معاشرہ الفاظ نہیں بلکہ اقدامات سے بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہونے والی عالمی سماجی ترقی کانفرنس سے قبل فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی سفارت کاری اور عالمی انصاف کو فروغ دینے والے پلیٹ فارم کو  بھی سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں