
ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں گواہان نے ملزمہ آمنہ عروج اور دیگر کیخلاف بیان قلمبند کروا دیا۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 10 ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا برضمانت ملزم یاسر خود حاضری کیلیے عدالت میں پیش ہوا۔
فریقین کے وکلاء مقدمے پر حتمی بحث کیلئے پیش ہوئے، ڈپٹی پراسکیوٹر عبد الجبار ڈوگر نے کیس پر حتمی دلائل دیئے۔ ڈپٹی پراسیکوٹر نے آمنہ عروج سمیت ملزمان کو سزا کا حکم دینے کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر گنہگار ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
گواہان نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزمہ آمنہ عروج نے دھوکے سے خلیل الرحمان قمر کو اپنے فلیٹ پر بلایا۔ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر نے خلیل الرحمان قمر کو اغوا کیا اور ملزمان نے ڈرامہ نگار سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ کل ملزمان کے وکلاء مقدمے پر حتمی بحث کریں گے جبکہ عدالت حتمی بحث کے بعد مقدمے کا فیصلہ سنائے گی۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کا ٹرائل مکمل ہو چکا ہے۔ آمنہ عروج سمیت دیگر ملزمان کے آخری بیان صفائی قلمبند ہو چکے ہیں، مدعی سمیت مقدمہ کے تمام گواہان کی شہادتیں ریکارڈ ہو چکی ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔