
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اکشے کمار نے سیف علی خان کو ان کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
اداکارہ کرینہ کپور نے اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ ایک گفتگو کے دوران ماضی کا دلچسپ واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اکشے نے سیف علی خان کو ان سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خطرناک لڑکی ہے۔
کرینہ نے بتایا کہ جب وہ سیف اور اکشے کے ساتھ فلم ٹشن کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو اکشے کو سیف اور ان کی بڑھتی دوستی کھٹکی جس پر انہوں نے سیف کو سائیڈ میں لے جا کر کہا کہ ’یہ خطرناک لڑکیاں ہیں، یہ ایک خطرناک خاندان ہے تو زرا دھیان سے رہو‘۔
جس پر سیف علی خان نے کہا کہ ’نہیں، نہیں، میں جانتا ہوں، تم جانتے ہو، میں نے اسے سمجھ لیا ہے‘۔
کرینہ نے کہا کہ اکشے کو محسوس ہوگیا تھا کہ سیف اور میرے درمیان کچھ چل رہا ہے اس ہی لئے اکشے نے اسے پیشگی آگاہی دی کہ مجھ سے بچ کے رہے میں خطرناک ہوں۔
اداکارہ ماضی کے وہ دن یاد کرتے ہوئے خوب ہنسی اور بتایا کہ ٹشن کے سیٹ پر ہی ان کی سیف سے باقاعدہ بات شروع ہوئی دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی۔
کرینہ نے بتایا کہ انہیں اکثر سیف علی خان کے ساتھ فلمیں آفر ہوتی تھیں مگر کسی نہ کسی وجہ سے وہ فلم کرنے سے انکار کر دیتی تھیں جس کے بعد ٹشن میں پہلی مرتبہ ان دونوں کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔