
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی معیشت میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور اسٹاک مارکیٹس میں مندی کے بعد عوام کو صبر اور حوصلے کا مشورہ دیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، "آپ نے بالکل گھبرانا نہیں ہے، کمزور اور بے وقوف نہ بنیں، صبر کریں، عظمت آپ کا مقدر بنے گی۔"
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے حال ہی میں چین سمیت کئی ممالک پر جوابی ٹیرف نافذ کیا گیا، جس کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس شدید متاثر ہوئیں۔ یورپ، امریکہ اور ایشیا کی مارکیٹس میں زبردست مندی دیکھی گئی اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو امریکی کساد بازاری کا خطرہ 60 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جو بعد میں عالمی کساد بازاری میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران جب صحافی نے اسٹاک مارکیٹ کی گراوٹ پر سوال کیا تو ٹرمپ برہم ہو گئے اور سوال کو "احمقانہ" قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "کبھی کبھار کچھ ٹھیک کرنے کے لیے دوا لینی پڑتی ہے، اور میں کسی چیز کو گرانا نہیں چاہتا۔"
چین سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ جب تک تجارتی خسارہ ختم نہیں ہوتا، کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔
ادھر ایک گیلپ سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں 4 فیصد کمی ہوئی ہے، جو 47 فیصد سے کم ہو کر 43 فیصد رہ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی وجہ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیاں اور معاشی غیر یقینی صورتحال ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔