پی ٹی آئی اور بی این پی مینگل کے انٹرا پارٹی انتخابات کیسز پر الیکشن کمیشن میں سماعت

بی این پی مینگل کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا


آمنہ علی April 08, 2025

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر جبکہ درخواست گزار کی جانب سے اکبر ایس بابر پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر گوہر سے کہا، "آپ نے آج دلائل دینے تھے۔" جس پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ "میں نے ہائی کورٹ کے احکامات کی تفصیلات پیش کر دی ہیں، گزارش ہے کہ دلائل کے لیے وقت دیا جائے۔"

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ "ایک سال سے یہ کیس زیر التوا ہے۔ ٹھیک ہے، ہائی کورٹ نے فیصلے سے منع کیا، مگر پروسیڈنگ سے منع نہیں کیا گیا۔"

بیرسٹر گوہر نے جواب دیا، "میرے پاس ڈاکومنٹس ابھی موجود نہیں، کچھ وقت دے دیں۔"  اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی، "اگلی سماعت پر آپ ہر صورت تیار ہو کر آئیں۔"

بعد ازاں کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں مارچ 2024 سے انٹرا پارٹی الیکشنز کا معاملہ زیر التوا ہے اور کمیشن اب تک آٹھ سماعتیں کر چکا ہے۔

ادھر بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی بھی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، تاہم بی این پی مینگل کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔

الیکشن کمیشن نے اس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں