
پنجاب میں موسم شدید گرم اور خشک ہونے کے بعد متعلقہ محکمے کی جانب سے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور دن کی طرح اب رات میں بھی گرمی بڑھ رہی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
موسمیاتی ماہرین نے بتایا ہے کہ 10 اور 11 اپریل کے درمیان لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں بادلوں کا سسٹم داخل ہوگا اور کم ہواؤں کے بادلوں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہونے سے ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں قدر کمی آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر گائیڈ لائنز پر مبنی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ماہ پنجاب میں درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کا خدشہ ہے۔ بڑے شہر، میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔