
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش پر عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی ۔
دورانِ سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ پیش کردی ہے۔ کون کون سا حکومتی ادارہ ایکس استعمال کررہا ہے، وہ بتا دیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حافظ شاکر محمود اعوان سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان درخواستوں پر بھی اٹارنی جنرل پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کررکھا ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ 17 اپریل کو اٹارنی جنرل کو طلب کیا ہوا ہے، ان درخواستوں کو بھی 17 اپریل کے لیے مقرر کیا جائے۔
جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کی حساسیت کے پیش نظر ہم نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بلوایا ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل پاکستان تیاری کے ساتھ پیش ہوں اور تمام لیگل چیزوں پر روشنی ڈالیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔