پی ٹی آئی رہنماؤں کی آپسی لڑائیاں؛ بیرسٹر گوہر نے راضی نامے پر آمادہ کرلیا

علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عاطف خان، شہرام ترکئی باہمی اختلافات ختم کرنے پر رضامند ہوگئے، پارٹی ذرائع


ویب ڈیسک April 08, 2025

پشاور:

تحریک انصاف کے رہنماؤں میں لڑائیاں اور اختلافات کافی حد تک بڑھ چکے ہیں، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے فریقین کو راضی نامے پر آمادہ کرلیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےفریقین کو راضی نامہ کرنے پر آمادہ کرلیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور،اسدقیصر،عاطف خان اور شہرام ترکئی سے بات چیت کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ علی امین گنڈاپور دیگرپارٹی رہنماؤں سےاختلافات ختم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ اسی طرح اسدقیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی بھی اختلافات ختم کرنے پر متفق ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت ہماری ساری توجہ بانی چیئرمین اور دیگر گرفتار رہنماؤں کی رہائی پر ہونی چاہیے۔ آپس کے اختلافات سے کارکنان اور قائدین پریشان ہیں۔ آپسی اختلافات کو پارٹی کے اندر رکھیں۔

قبل ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات حکومتی کابینہ پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ نہ مستعفی ہورہا ہوں اور نہ کابینہ سے ہٹانے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات اتنا بڑا مسئلہ نہیں۔ ہماری پارٹی معاملات کی طرف توجہ نہیں، جو فیصلہ کرنا ہے بانی چیئرمین نے کرنا ہے۔نہ تو میں مستعفی ہورہا ہوں اور نہ مجھے ہٹانے کےبارے میں بتایا جارہا ہے۔ اگر ہٹایا گیا تو ایک کاغذ کے ٹکڑے کے ذریعے سب کو معلوم ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں