گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق کی افواہوں کے درمیان بیٹے کی بالی ووڈ میں انٹری


بالی ووڈ کے کامیڈی کنگ گووندا اور سنیتا آہوجا کے بیٹے یشوردن بالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یش نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار سائی راجیش کی اگلی فلم میں اپنی اداکاری کے کیرئیر کا آغاز کریں گے۔ یشوردن اس سے قبل اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر ڈشوم، باغی اور کِک 2 جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
بیٹے کے اداکاری کی دنیا میں ڈیبیو پر سنیتا آہوجا کا کہنا ہے کہ وہ اپنا راستہ خود بنائیں گے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سنیتا نے کہا کہ ’میں ماتا رانی سے پرارتھنا (دعا) کرتی رہی ہوں کہ یش کو بہت زیادہ یش (شہرت) ملے اور وہ دنیا میں اپنی پہچان بنائے۔ میں نے ماتا رانی سے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ اس کی حفاظت کرے، اسے بری نظر سے محفوظ رکھے۔ اسے بہت زیادہ نام، شہرت اور دولت سے نوازے۔ لیکن سب سے بڑھ کر اسے ہمیشہ پیار اور سپورٹ ملے‘۔