
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائیل جباروف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور الہام علیوف کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملاقات میں پاکستان آذربائیجان تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں معدنیات، کان کنی، تیل کی دریافت، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، علاقائی روابط کیلئے انفراسٹرکچر کی تعمیر، دفاع، ہاسپیٹیلٹی و سیاحت اور افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اپنے دورہ آذربائیجان کے مابین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کرتے ہوئے آذربائیجان کو پاکستان میں تیل کی دریافت، معدنیات و کان کنی، قابل تجدید توانائی اور علاقائی روابط کیلئے انفراسٹرکچر میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔
وزیرِ اعظم نے اسلام آباد اور باکو کو جڑواں شہر قرار دینے کے بعد اسلام آباد میں بہترین تزئین و آرائش کے اقدامات پر آذربائیجان کی ٹیم کی تعریف بھی کی۔ وزیرِ اعظم نے آذربائیجان کے صدر کے متوقع دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کے حجم کو 2 ارب ڈالر پہنچانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین اعلی سطح پر گہری دلچسپی اور اقدامات خوش آئند ہیں۔
آذری وزیر نے پاکستان کی جانب سے انکے وفد کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارت کے فروغ میں آذربائیجان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
آذری وزیرِ معیشت نے قابل تجدید توانائی، وائٹ آئل پائپ لائن کے شعبے میں سرمایہ کاری، آذربائیجان کی پاکستان کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وفد کو مختلف شعبوں میں تعاون، تجارت کے فروغ، بین الاقوامی شمال جنوب مواصلاتی کاریڈور، وائٹ آئل پائپ لائن، گورننس کی بہتری کیلئے آسان سہولت مراکز کے پاکستان میں قیام اور آذربائیجان کی پاکستان میں علاقائی روابط کیلئے موٹرویز میں سرمایہ کاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائیل جباروف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، نائب وزیرِ معیشت صمد بشیری، نائب وزیرِ توانائی کمال عباسوف اور اعلی سطح آذری حکام کے ساتھ ساتھ وزیرِ خارجہ و نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل کوارڈینیٹر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل لیفیٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور متعلقہ اعلی حکام شریک تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔