
ڈومینیکن ری پبلک کے دارالحکومت میں نائٹ کلب کی چھت گرنے کے الم ناک واقعے میں صوبائی گورنر اور سابق میجر لیب بیس بلا اسٹار اوکٹاویو ڈوٹیل سمیت 44 افراد ہلاک اور 146 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی کا عملہ تاحال امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور ملبے تلے افراد کو زندہ نکالنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں متاثرین کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تلاش کے لیے جمع ہوگئے ہیں۔
ڈومینیکن ری پبلک کی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سربراہ جووان میونئل مینڈیز نے کہا کہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ حادثے کے وقت کلب کے اندر موجود افراد کی تعداد واضح نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق نائٹ کلب میں حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہاں سیاست دانوں، کھلاڑیوں اور دیگر مشہور شخصیات بھی موجود تھیں۔
صدر لوئس ابینڈر نے حادثے میں ہلاک ہونے والی مشہور شخصیات کے بارے میں بتایا کہ شمالی صوبے مونٹے کرسٹی کی گورنر نیلس کروز بھی شامل ہیں جو میجر لیگ بیس بال کے 7 مرتبہ کے اسٹار نیلسن کروز کی بہن تھیں۔
وزارت کھیل کے ترجمان نے بیان میں بتایا کہ سابق میجر لیگ اسٹار اوکٹاویو ڈوٹیل کو ملبے سے نکال کر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔
حکومتی بیان کے مطابق اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے تقریباً 150 افراد کو منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نائٹ کلب کی چھت گرنے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔