
بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج کمار کے کی موت کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری نے ایک اور اہم شخصیت کو کھو دیا۔ رانی مکھرجی اور تمنا بھاٹیہ کو بالی ووڈ میں لانچ کرنے والے پروڈیوسر سلیم اختر انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 8 اپریل 2025 کو فلم پروڈیوسر سلیم اختر نے ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں آخری سانسیں لیں۔
1993 کی کلاسک پھول اور انگار اور 1983 کی قیامت جیسی فلموں کیلئے مشہور پروڈیوسر کی موت کی خبر سن کر بھارتی فلم انڈسٹری میں ہر ایک فنکار غمگین ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ نے تصدیق کی کہ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ، شمع اختر اور ان کا بیٹا، صمد اختر ہے تاہم ان کے اچانک انتقال کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ سلیم اختر وہ بھارتی فلم پروڈیوسر ہیں جنہوں نے معروف اداکارہ رانی مکھرجی کو بالی ووڈ میں لانچ کیا تھا انہوں نے 1997 کی ڈرامہ فلم راجہ کی آئے گی بارات میں رانی کو لانچ کیا جبکہ تمنا بھاٹیہ کو بھی ہندی سنیما میں متعارف کرایا۔
علاوہ ازیں سلیم اختر نے بوبی دیول اور رانی مکھرجی کی 2000 کی مشہور فلم بادل، 1993 کی ایکشن ریوینج ڈرامہ فلم پھول اور انگار جیسی مشہور فلمیں بھی پروڈیوس کیں، جس میں متھن چکرورتی، شانتی پریہ، پریش راول، گلشن گروور، اور پریم چوپڑا نے اداکاری کی۔
سلیم اختر نے عامر خان اور ممتا کلکرنی کی 1995 کی ایکشن تھرلر فلم، بازی، جس کی ہدایت کاری آشوتوش گواریکر نے کی تھی، بھی پروڈیوس کی تھی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔