کراچی؛ تیزرفتار ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 3 افراد زخمی، مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز، ٹینکر اور ٹرک کو آگ لگادی

مقامی افراد نے ڈمپر کے ڈرائیور کا تعاقب کیا اور اسے منگھوپیر روڈ پر پکڑ لیا


ویب ڈیسک April 10, 2025

کراچی:

شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی پاور ہاؤس کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے متعدد موٹر سائیکل سوار افراد کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مختلف مقامات پر 5 ڈمپرز, ایک واٹر ٹینکر اور اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد مقامی افراد نے ڈمپر کے ڈرائیور کا تعاقب کیا اور اسے منگھوپیر روڈ پر پکڑ لیا۔ عوام نے ڈرائیور پر تشدد کیا جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلیے کراچی میں کریک ڈاؤن، پہلے روز ڈمپرز سمیت 40 ہیوی گاڑیاں ضبط

مشتعل افراد نے پولیس کی موجودگی میں بھی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھی اور متعدد ڈمپرز پر پتھراؤ کیا۔

ڈمپروں کی آگ کو بجھانے کے لیے آنے والے نیو کراچی فائر اسٹیشن کی گاڑی پر نامعلوم مشتعل افراد کی جانب سے کیے جانے والے پتھراؤ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی کا ڈرائیور صابر کا سر پھٹ گیا جبکہ پتھراؤ سے گاڑی کا ونڈ اسکرین بھی ٹوٹ کر چکنا چور ہوگیا۔

پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشتعل افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ صورتحال کو قابو کرنے کے لیے مزید نفری بھی طلب کر لی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق مشتعل افراد کو منتشر کر دیا گیا ہے اور علاقے میں صورتحال قابو میں ہے۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ گلیوں اور اہم سڑکوں پر گشت بڑھا رہے ہیں اور ایس ایس پی سینٹرل بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں، جو جو افراد ملوث ہیں انھیں گرفتار کیا جائے گا

پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی یوپی موڑ پر 5 ڈمپروں اور ٹرک کو آگ لگانے کے واقعہ کے بعد شہر بھر میں پولیس کو الرٹ کردیا گیا اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو سڑکوں پر آنے کی ہدایت کی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو شر انگیزی اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں