
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف اور اس کے بانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس اپریل 2022 کے تاریخی دِن کو آج تین سال مکمل ہوگئے جب دھاندلی سے مسلط کردہ ’ سلیکٹڈ وزیراعظم ‘کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا گیا جسے ناکام بنانے کے لئے پی ٹی آئی نے ہر غیر آئینی ہتھکنڈا استعمال کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ جھوٹ بول کر غیر آئینی طور پر قومی اسمبلی تحلیل کی، 2018 میں نوازشریف کا مینڈیٹ چھیننے والے ٹولے نے ملک میں کھل کر لوٹ مار کی، معیشت کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچایا، عوام کو تاریخی مہنگائی، بے روزگای اور غربت کی چکی میں پیسا، پاکستان کو دنیا میں تنہا کیا، دہشت گردی واپس آگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اِن عذابوں میں مبتلا کرنے والے بدقسمتی سے آج بھی نہیں بدلے، نہ اُن کی سوچ اور ارادے، آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر پاکستان کی مالی امداد رکوانے کی مذموم کوشش کی، 9 مئی کیا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ شہدا اور افواج کے خلاف مذموم مہم آج بھی جاری ہے، انتشار اور فساد کی آگ بھڑکائی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ قائد نواز شریف، وزیراعظم شہبازشریف، اور پی ڈی ایم کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کو دوبارہ آئین،جمہوریت، امن و ترقی اور عوامی ریلیف کی راہ پر گامزن کیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔