
ملائیشیا کی ایئر ایشیاایکس نے کراچی سے کوالالمپور کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرنے کا اعلان کردیا۔رپورٹ کے مطابق 30 مئی سے شروع ہونے والی پروازوں کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا گیا، ٹکٹ کی قیمت 55 ہزار 800 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے اپنی پروازوں کے ذریعے سالانہ ایک لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی کا ٹارگٹ مقررکیا گیا ہے۔
کراچی سے کوالالمپور کے دوطرفہ پروازیں پیر،بدھ،جمعہ اور اتوار کو آپریٹ کی جائیں گی۔
قبل ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے ملائیشیا کے قونصل جنرل Herman Hardynata Ahmad کے ہمراہ 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایئر ایشیاءکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی شامل تھے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ملائیشیا ءدوطرفہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، ایئر ایشیاءکے آپریشن سے دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ ایئر ایشیاء 30 مئی 2025ء سے پاکستان میں اپنا آپریشن شروع کرے گی، ایئرایشیاء کے آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بعد ازاں شہرکےمقامی ہوٹل میں ائیرایشیا کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری مہمان خصوصی تھے جب کہ صوبائی وزیرتوانائی ناصر شاہ بھی تقریب میں شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایسا منصوبہ ہے جس نے ملائشین سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا، صدر مملکت، وزیراعظم ،آرمی چیف معیشت کو بہتر کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہیں، ملائشین نجی ایئر لائین آپریشن کے لئے اپنے مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے پوری قوم کو ایک ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، ایئرلائن کی آمد کراچی کو عالمی فضائی نقشے پرنمایاں مقام دلائے گی، یہ پیش رفت حکومتِ پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے، بین الاقوامی ائیرلائن کا کراچی میں آغازاعتماد اورمواقع کا مظہر ہے۔
اس موقع پر ایئرایشیا ایکس کے سی ای اوبنیامین اسماعیل کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کی تعارفی قیمت 55 ہزار 800 روپے مقرر کی گئی ہے، ایئرایشیا ایکس کا ہدف کراچی کوالالمپورروٹ پرسالانہ ایک لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے، کراچی سے کوالالمپور کی دوطرفہ پروازیں پیر، بدھ، جمعہ اور اتوارکو آپریٹ کی جائینگی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔