
بالی ووڈ اسٹار سنی دیول نے اپنی فلم ’غدر 2‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اپنی فیس میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور اب فلم جات کیلئے انہوں نے کتنا معاوضہ لیا ہے اس حوالے سے سوالات گردش کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول نے کئی سالوں سے نسبتاً کم معاوضہ وصول کیا تھا، لیکن اب باکس آفس پر زبردست واپسی کے بعد وہ اپنی ڈیمانڈ کے مطابق معاوضہ حاصل کر رہے ہیں۔
اداکار کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سنی دیول نے برسوں سے کم فیس پر کام کیا، مگر اب ’غدر 2‘ سے سنیما پر زبردست واپسی کے بعد انہوں نے اپنی فیس بڑھائی ہے، جو کہ ان کا حق بنتا ہے۔
سنی دیول کے ذرائع کے مطابق یہ فیس ان کی پرانی فیس سے چھ گنا زیادہ ہے، مگر جب تک اسٹار باکس آفس پر نتائج دے رہا ہو، تو سب کچھ جائز ہے۔
سنی دیول نے فلم غدر 2 کیلئے 8 کروڑ روپے وصول کیے تھے جبکہ اب کہا جارہا ہے کہ انہوں نے نئی ریلیز ہونے والی فلم ’جات‘ کیلئے 50 کروڑ معاوضہ وصول کیا ہے۔
گوپی چند مالینینی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جات میں کئی مشہور فنکار شامل ہیں، جن میں سنی دیول سمیت رندیپ ہوڈا، وینیت کمار سنگھ، ریجینا کیسندرا، رامیا کرشنن اور سایامی خیر شامل ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔