
پاکستانی کمپنیوں نے ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا 2025ء میں شاندار شرکت کی جس کے بعد لاطینی امریکا کی منڈی سے بہترین رسپانس ملا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں نے لاطینی امریکا کی منڈیوں میں ایکسپورٹ کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا 2025ء میں شرکت کی۔
پاکستان کمپنیوں کی شمولیت نے لاطینی امریکا کی مارکیٹ سے شاندار رسپانس حاصل کیا۔ اس نمائش میں پاکستان کی کلاسیک ٹیکسٹائل، کے بی ایکسپورٹس، مہے انٹرنیشنل اور ظفر فیبرکس نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی اور ان کمپنیوں کو لاطینی امریکا میں ہوم ٹیکسٹائلز کے شعبے میں نئی تجارتی مواقع ملے۔
نمائش میں کولمبیا، پیرو اور میکسیکو جیسے ممالک نے سب سے زیادہ طلب کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاناما، ایکواڈور، چلی اور ڈومینیکن ریپبلک جیسے اسٹریٹجک مارکیٹس نے بھی شرکت کی۔ پاکستانی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات جیسے بیڈ لینن، کچن لینن اور تولیے کی نمائش کی، جس سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی عالمی سطح پر مضبوط پوزیشن کی عکاسی ہوئی۔
ظفر فیبرکس کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر بلال ظفر نے نمائش پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش ہمارے برانڈ کے لیے ایک زبردست موقع ثابت ہوئی، جہاں ہمیں نئے کلائنٹس اور صنعت کے نمائندوں سے روابط قائم کرنے کا موقع ملا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔