
بالی ووڈ کی مشہور سپر ہیرو سیریز ’کِرِش‘ کی چوتھی فلم میں بھی اداکارہ پریانکا چوپڑا بطور ہیروئن کردار ادا کریں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرش 4 میں ایک بار پھر ممکنہ طور پر مقبول کردار ’جادو‘ کی واپسی متوقع ہے۔ یہ کردار 23 سال بعد فلمی دنیا میں دوبارہ متعارف کروایا جائے گا۔ فلم کی ہدایتکاری اس بار خود ہریتھک روشن کریں گے، جو اس سے قبل اس سیریز کے مرکزی اداکار رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ہریتھک روشن اور پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے پریانکا چوپڑا کو ایک مرتبہ پھر سے فلم کی مرکزی خاتون کردار کے لیے منتخب کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ پریانکا اس سے قبل ’کرش‘ اور ’کرش 3‘ میں بھی ہریتھک کے ساتھ جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان کام کرنے کی ہم آہنگی اور سابقہ فلموں کی کامیابی اس فیصلے کی بڑی وجہ ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے نہ صرف فلم کی کہانی کو سراہا بلکہ ہریتھک روشن کی بطور ہدایتکار فلم کو آگے بڑھانے کے وژن سے بھی متاثر ہوئیں۔ کہا جارہا ہے کہ اس فلم میں بھی ریکھا بطور ہریتک کی ماں اور پریتی زنٹا بھی کاسٹ کا حصہ ہوں گی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔