وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکیج کا اعلان

خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، لین دین میں فائلر شمار کیا جائے گا، بچوں کو میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹا دیا جائیگا


ویب ڈیسک April 15, 2025

اسلام آباد:

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مراعاتی پیکیج کا اعلان کردیا، میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹا، ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو لین دین اور بینک معاملات میں بطور فائلرز شمار کرے گا، ان کے مقدمات کی سماعت کیلیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔

اسلام باد میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایک کروڑ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ملکوں میں مقیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں، پنجاب اور بلوچستان میں بھی ایسی عدالتیں قائم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے محنت، لگن اور قربانیوں سے اپنا مقام بنایا، آپ ہمارے سروں کے تاج اور ہمارے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کیساتھ دھڑکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت سے رزق حلال کما رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا فخرہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، آرمی چیف کی زبان پر وہی ہوتا ہے جو ان کے دل میں ہوتا ہے۔
 

وزیراعظم نے کہا کہ سب جانتے ہیں دہشت گردوں کو کون فنڈنگ کررہا ہے اور دہشت گردی کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں؟ 2018ء میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپہ سالار عاصم منیر ایک سچے پاکستانی اور زبردست پروفیشنل ہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، ہماری افواج اپنی جان کا نذرانہ دے کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہی ہیں، ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی واپس آئی، سوات اور دیگر علاقوں سے دہشت گردوں کو لا کر بسایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے یونیورسٹیوں میں 5 فیصد کوٹا مختص کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹا رکھا گیا ہے، ایف بی آر اوورسیز پاکستانیوں کو لین دین اور بینک معاملات میں بطور فائلرز شمار کرے گا، نیوٹیک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو ابتدائی ہنرمند بنانے کے لیے کورس کرائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ویڈیولنک کے ذریعے تمام مشنز سے شواہد کی ای ریکارڈنگ کی سہولت دی جائے گی، مقدمات کی ای فائلنگ کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں ، یہ سہولت 60 دن میں دی جائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرپور آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی فیزبیلٹی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، سب سے زیادہ فارن ایکسچینج بھیجنے والوں کو ہر سال 15 سول ایوارڈز دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4.1 ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، آپ لوگ اسی طرح بھیجتے رہے تو ملکی مزید ترقی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں