
سندھ کے سینئر اور ٹرانسپورٹ کے وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جون میں 34 نئی الیکٹرک بسیں اور 5 ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچیں گی اور مزید 100 بسیں بھی جون میں شہر میں آجائیں گی۔
صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں ان کے دفتر میں ہوا، جس میں ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت اور روڈ سیفٹی سے متعلق حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمرشل گاڑیوں کے معائنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر اجلاس میں نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر کمرشل گاڑیوں کے معائنے کے لیے ایم وی آئی سینٹرز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر نے کہا کہ سندھ بھر میں کمرشل گاڑیوں کے معائنے کے لیے 10 ایم وی آئی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، کراچی میں دو ایم وی آئی سینٹرز پہلے سے ہی فعال ہیں، مزید سینٹرز پر کام کو جلد از مکمل کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر ایم وی آئی سینٹرز کے قیام سے گاڑیوں کی شہر میں داخلے سے قبل فٹنس یقینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں تین مزید اور سندھ کے باقی اضلاع میں 5 ایم وی آئی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، ہم ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید، محفوظ اور عوام دوست بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جون میں 34 نئی الیکٹرک بسیں اور 5 ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچیں گی اور مزید 100 بسیں بھی جون ہی میں پہنچ جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں نئی الیکٹرک اور ڈبل ڈیکر بسیں جون تک پہنچ جائیں گی۔
اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے ابتدائی مرحلے میں 500 الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کروانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سستی، ماحول دوست اور بااعتماد سفری سہولیات مہیا کی جائیں، سندھ کا ٹرانسپورٹ نظام ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی اور سہولت دونوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔