دُولہے کا سہرا کی ریکارڈنگ کے دوران نصرت فتح علی خان کئی مرتبہ آبدیدہ ہوئے، بھارتی نغمہ نگار کا انکشاف

نغمہ نگار نے بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ خان صاحب کو ریکارڈنگ ملتوی کرنے کا کہا تاہم ان کے اسرار پر ریکارڈنگ ایک ہی دن میں مکمل کی گئی


ویب ڈیسک April 16, 2025

عروف بھارتی نغمہ نگار سمیر انجان نے انکشاف کیا ہے کہ عظیم قوال اور گلوکار نصرت فتح علی خان ’دولہے کا سہرا‘ ریکارڈ کرواتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

حال ہی میں معروف بھارتی نغمہ نگار سمیر انجان نے ایک شو میں شرکت کے دوران ایک جذباتی واقعہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب نصرت صاحب ممبئی آئے تو موسیقار ندیم نے ان سے فلم ’دھڑکن‘ کے لیے گانا گانے کی درخواست کی۔ نصرت صاحب نے کہا کہ وہ صرف اسی صورت گائیں گے اگر گانا انہیں پسند آئے گا۔

نغمہ نگار نے بتایا کہ کمپوزیشن سننے کے بعد انہوں نے ریکارڈنگ کے لیے رضامندی ظاہر کی اور ہم سب ریکارڈنگ کیلئے تیار ہوگئے۔

سمیر انجان نے انکشاف کیا کہ ریکارڈنگ کے دوران جب بھی نصرت فتح علی خان بول ’میں تیری باہوں کے جھولے میں پلی، بابُل‘ گاتے، تو رونے لگتے۔

سمیر کے مطابق یہ کیفیت ایک یا دو بار نہیں بلکہ کئی بار ہوئی جس کی وجہ سے درمیان میں کئی مرتبہ ریکارڈنگ میں بریک لینا پڑا، ان کا کہنا تھا کہ نصرت صاحب نے بتایا کہ یہ بول انہیں اپنی بیٹی کی یاد دلاتے ہیں، جس سے ان کا جذباتی تعلق جڑا ہوا تھا۔

نغمہ نگار نے بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ خان صاحب کو ریکارڈنگ ملتوی کرنے کا کہا تاہم ان کے اسرار پر ریکارڈنگ ایک ہی دن میں مکمل کی گئی کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ آج ہی ریکارڈنگ کرنے سے اس گانے میں وہ جذبات آئیں گے۔

یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نصرت فتح علی خان نہ صرف گاتے تھے بلکہ ہر لفظ کو محسوس کرتے تھے، اور یہی خلوص انہیں ایک ناقابلِ فراموش فنکار بناتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں