شہدا و غازی ہمارا فخر، آزادی و امن بہادر سپوتوں کی قربانی کا نتیجہ ہے، آرمی چیف

جنرل سید عاصم منیر کا جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب


ویب ڈیسک April 17, 2025

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں جب کہ آزادی اور امن ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانی کا نتیجہ ہے۔

راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مختلف آپریشنز کے دوران جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے میڈلز تقسیم کیے۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران قوم کے لیے جرات و بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے افسروں اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں سینیئر فوجی حکام اور اعزازحاصل کرنے والے جوانوں اور افسروں کے خاندانوں نے شرکت کی۔ افسروں اورجوانوں کو ستارہ امتیاز( ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہدا کے میڈلز ان کے اہلخانہ نے وصول کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں۔آج ہماری آزادی اور امن ملک کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جرات اور بہادری کے پیکر شہدا کے اہلخانہ کی ثابت قدمی اور عزم بھی قابل تحسین ہے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کے بیان کی مکمل تائید کرتا ہوں، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کے دوران دہشتگردی کے خطرات اور کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت ، کوششیں اور غیرمتزلزل عزم قابل تعریف ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں