اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار علیمہ خان کی جیل جانے کی خواہش

اگر انہوں نے ہمیں کہیں لے جاکر چھوڑا تو پھر ہم واپس آجائیں گے اور ملاقات کیے بغیر نہیں جائیں گے، گرفتاری سے قبل گفتگو


ویب ڈیسک April 17, 2025
علیمہ خان گرفتاری سے قبل اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں (فوٹو ایکسپریس نیوز)

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں حراست میں لے جاکر یہ جہاں بھی چھوڑیں گے ہم واپس اڈیالہ کے باہر آئیں گے اور اُس وقت تک بیٹھیں گے جب تک بھائی سے ملاقات نہیں ہوجاتی۔

اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کے حراست میں لیے جانے سے قبل علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ عمران خان کو آئیسولیٹ کرنے کے لیے ہو رہا ہے،انکے بچوں،فیملی اور ڈاکٹروں سے ملاقات بند کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل قوانین کے مطابق حق ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے ملاقات کریں، پچھلی ملاقات میں سلمان صفدر اور بیرسٹر گوہر کو اندر جانے دیا ظہیر عباس چوہدری کو روک لیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی  کے سارے حقوق لے لیے گئے ہیں،جنہوں نے بانی سے ملاقات کرنی ہے ان کو یہ بند کر رہے ہیں۔ ہم کوئی غیر آئینی چیز نہیں کر رہے ہم یہاں پر پرامن بیٹھے ہیں یہ غیر آئینی کام کر رہے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ یہ ہمیں جیل میں لے جائیں تو ٹھیک ہے اگر ہمیں کہیں چھوڑیں گے تو ہم واپس آ جائیں گے، جب تک بھائی سے ملاقات نہیں کراتے ہم نے اڈیالہ جیل کے باہر ہی رہنا ہے یا اڈیالہ جیل کے اندر جائیں گے یا باہر بیٹھیں گے۔ 

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ انہوں نے اگر ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑا تو پھر ہم واپس آئیں گے ورنہ پھر یہ جیل لے جائیں۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ یہ دیکھ لیں لیڈر اف دی اپوزیشن کو گرفتار کررہے ہیں، یہاں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر، حامد رضا اور دیگر رہنما موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو میں نے قومی اسمبلی میں بیٹھنے نہیں دیا، میں دیکھتا ہوں شہباز شریف کیسے آئے گا ہم ان کو اٹھا اٹھا کر بھگائیں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان کرپٹ انسان ہے، سب کو دیکھ لوں گا یہ توہین عدالت کررہے ہیں، ہمارے پاس آئینی پوزیشن ہے اور نہتی خواتین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہارڈ اسٹیٹ میں قانون اور انصاف ہوتا ہے،ہمارے آباؤ اجداد نے اس قوم کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

عمر ایوب نے اعلان کیا کہ گرفتاری، حراست چھوڑی چیز ہے عمران خان کیلیے میری جان تک حاضر ہے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے قیدی وین میں بیٹھ گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں