ہمیں اپنا مذاق اڑانے کی فکر نہیں بلکہ عدالتوں کی توہین ہورہی ہے، علیمہ خان

علیمہ خان کی رہائی کے بعد راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو


ویب ڈیسک April 17, 2025

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنا مذاق اڑانے کی فکر نہیں بلکہ عدالتوں کی توہین ہورہی ہے اس بات پر ججز کو نوٹس لینا چاہیے۔

راولپنڈی موٹروے پر رہائی کے بعد علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ایسا کررہے ہیں ہمیں اڈیالہ سے اٹھاتے ہیں اور موٹروے پر چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی قانون نہیں توڑا، پچھلی بار ایک ہوٹل میں بیٹھے تھے آج ایک بلڈنگ میں بیٹھے تھے پولیس ہمارے پیچھے آئی ہے، پہلے ہمیں ایک ریسٹورنٹ میں بٹھا دیا اور اب موٹروے پر چھوڑ دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم تین بہنیں گھر سے آئی دونوں اپوزیشن لیڈر کو بھی اٹھا لیا، ہمیں تو چھوڑیں یہ انسانیت کے ساتھ ایسا کررہے ہیں، آپ ہمارا مزاق اڑا رہے ہیں ہمیں نہیں فکر یہ عدالتوں کی توہین ہورہی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ججز کو فکر کرنی چاہئیے ان کا تماشا بنایا جارہا ہے کیونکہ روز توہین عدالت ہوتی ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا پیغام جاتا ہے جیل انتظامیہ اس کو کچھ سمجھتی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ایسے جج آنے چاہئیے جو انصاف فراہم کریں، اگر آپ انصاف نہیں دے سکتے تو کیوں بیٹھے ہیں ان کرسیوں پر ہم کل آپ کی عدالت میں آئیں گے اور سوال کریں گے کہ آپ پاکستانیوں کو انصاف کیوں نہیں دے سکتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں