کراچی: اورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 6 بچوں کا باپ جاں بحق

رواں سال شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 29 ہوگئی


منور خان April 17, 2025

شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ایک اور شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا، جس کے بعد رواں سال جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن رئیس امروہی کالونی گلی نمبر 10 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے 45 سالہ ظفر ولد عبدالستار نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول اسپتال میں دم توڑ گیا۔

حالیہ واقعے کے بعد رواں سال شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 29 ہوگئی۔ اس حوالے سے اقبال مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ظفر جمعرات کی دوپہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا جسے ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

بعد ازاں انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ابتدائی طلاعات کے مطابق واقعہ رئیس امروہی کالونی گلی نمبر 10 میں پیش آیا تھا جہاں گلی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو نوجوانوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران ظفر جو کہ برف لیکر وہاں سے گزر رہا تھا کہ اس نے واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکو کو برف دے ماری اور ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔

ڈکیت کے دوسرے ساتھی نے ظفر کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، مقتول کے بھائی نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقتول بھائی 6 بچوں کا باپ اور زری کے کارخانے میں کام کرتا تھا جبکہ وہ اورنگی ٹاؤن سندھی محلہ کا رہائشی تھا۔

ظفر ولد عبدالستار کے قتل کامقدمہ مقتول ظفرکے بھائی محمد عدنان کی مدعیت میں 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ قتل اورڈکیتی کی دفعات کے تحت نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں