پشاور میں سماعت سے محروم بچوں کیلئے کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز

ماہرین صحت کی زیرِ نگرانی ای این ٹی ٹیم نے حال ہی میں دو روزہ کوکلیئر امپلانٹ میراتھن کا بھی انعقاد کیا


ویب ڈیسک April 18, 2025

پشاور میں پیدائیشی سماعت سے محروم بچوں کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں پیدائشی سماعت سے محروم بچوں کے لئے باضابطہ کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس کے لیے پاکستان بیت المال نے تعاون فراہم کیا ہے۔ ایچ ایم سی کی ایک ای این ٹی ٹیم ابتدائی کوکلیئر امپلانٹ کی 9 کامیاب سرجریز بھی کرچکی ہے۔

تاہم حکومت خیبرپختونخوا کے اعلان کے بعد کوکلیئر امپلانٹ کی سرجریاں صحت کارڈ پروگرام کے تحت بھی کی جاسکے گیں۔

اسپتال میں 6 ماہ سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کی جارہی ہیں۔ جس پر کل لاگت تقریبا 21 لاکھ 50 ہزار تک ہے جو کہ اب بیت المال کے علاوہ بذریعہ صحت کارڈ بھی ادا کی جائیں گی۔

اس پروگرام کے حوالے سے سینئر ماہرین صحت کی زیرِ نگرانی ای این ٹی ٹیم نے حال ہی میں دو روزہ کوکلیئر امپلانٹ میراتھن کا بھی انعقاد کیا جس میں نو کامیاب سرجریز کی گئیں۔

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایچ ایم سی کی ای این ٹی ٹیم کی اجتماعی کوششوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے جن کی محنت اور استقامت نے اس پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں