
سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے سرکاری ادارے کے ڈرائیور کو 37 سال قید بامشقت کی سزا سنادی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مقدمے کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی عبدالرحمان عارف کے روبرو ہوئی جنہوں آج فیصلہ سنادیا۔
عدالتی فیصلہ سامنے آتے ہی مجرم کو کمرہ عدالت میں ہی ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کرلیا گیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ جرم ثابت ہوچکا سرکاری ادارے کے ڈرائیور کو 37 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جاتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ مجرم ڈرائیور نے شہری کو سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر 46 لاکھ 60 ہزار روپے لوٹے۔ عدالت نے مجرم پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا اور 37 لاکھ 40 ہزار روپے متاثرہ فریق کو ادا کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے گزشتہ برس مقدمہ درج کیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔