
ناردرن بائی پاس پر ٹریلر کھائی میں گرنے اور دیگر ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے ناردرن بائی پاس اٹک پمپ پیٹرول پمپ کے قریب ٹریلر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ کر کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ٹریلر میں سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ ریاض اور زخمی کی 30 سالہ مظہر حسین ولد اکرم حسین کے نام سے کی گئی، جاں بحق شخص ٹریلر کا ڈرائیور تھا جب کہ کلینر زخمی ہے، دونوں پنجاب کے رہائشی تھے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے ٹول پلازا کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 30 سالہ راہ گیر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق لاش کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے بعدازاں لاش چھیپا سردخانے منتقل کردی گئی۔
لیاقت آباد 10 نمبر مین چورنگی پر بے ہنگم ٹریفک میں جمعہ کی شب ساڑھے 9 بجے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا ضعیف العمر راہگیر ہفتہ کی صبح جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ کوئی بیان دے سکے اور نہ ہی اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے سردخانے منتقل کردی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔