طاہرالقادری کے انقلابی مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیاحیدرعباس رضوی

انتخابات میں دھاندلی پراحتجاج کرنا ہرسیاسی جماعت کا حق ہے تاہم اس احتجاج سےسیاسی نظام کو دھچکا نہ لگے،رہنما ایم کیوایم


ویب ڈیسک August 01, 2014
انقلابی مارچ سے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئی باتوں پر اعتماد میں لیا ہے، حیدر عباس رضوی،فوٹو: آئی این پی

ایم کیوایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کا کہنا ہے کہ انقلابی مارچ سے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئی باتوں پر اعتماد میں لیا ہے اور ایم کیوایم کی جانب سے اس پر سوچ بچار کا عمل جاری ہے تاہم مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں ایم کیوایم کے وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار تعزیت اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات ملک بھر سے سامنے آئے ہیں اور ان کی تحقیقات کے لیے قوانین بھی موجود ہیں جبکہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے تاہم اس میں یہ بھی مد نظر رکھا جائے کہ اس احتجاج سے کسی سیاسی نظام کو دھچکا نہ لگے۔

حیدر عباسی رضوی کا کہنا تھا کہ انقلابی مارچ سے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئی باتوں پر اعتماد میں لیا ہے اور ایم کیوایم کی جانب سے اس پر سوچ بچار کا عمل جاری ہے تاہم انقلابی مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے فوائد اور اثرات جب سامنے آئئ تو فوج بلانے والوں کو پتا بھی چل جائے گا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار یکجہتی پر ایم کیوایم کے مشکور ہیں جب کہ انقلابی مارچ پر مشاورت جاری ہے جس کے بعد تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں