
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی 28 اپریل تک ملتوی جبکہ پی ٹی آئی کے پانچ اکتوبر پرتشدد احتجاج کے مقدمہ میں پارٹی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 7 مئی تک توسیع کر دی گئی۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے چھٹی پر ہونے کے باعث دونوں مقدمات پر مزید کارروائی نہ ہو سکی۔
سماعت کے موقع پر عدالتی عملے نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے مقدمے کے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔ جج کی چھٹی کے باعث عدالت کے باہر سے پولیس کی نفری بھی واپس بھیج دی گئی۔
سپریم کورٹ کا سانحہ 9 مئی 4 ماہ میں ٹرائل کا تحریری آرڈر تاحال عدالت کو موصول نہیں ہوا، آرڈر موصول ہونے پر سانحہ 9 مئی کے کیسز کی ریگولر سماعت ہوگی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق آج سہ پہر تک سپریم کورٹ آرڈر موصول ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح، گزشتہ سال پانچ اکتوبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمے میں پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 7 مئی تک توسیع کر دی گئی، آئندہ تاریخ پر تفتیشی افسر سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ و تفتیشی رپورٹ طلب کر لی گئی۔
واضح رہے کہ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت، شیخ رشید احمد و دیگر نامزد ملزم ہیں۔
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کے مقدمہ میں مجموعی طور پر 120 ملزمان ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ گواہ مجسٹریٹ مجتبیٰ الحسن اور سب انسپکٹر ریاض کی طلبی کی گئی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔