
وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اِردوان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورے پر انقرہ پہنچ گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انقرہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم اور وفد کا استقبال ترکیہ کے وزیر دفاع نے کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور معان خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، میزبان صدر اِردوان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ حالیہ عالمی و علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں خطے کی صورت حال سمیت اہم معاملات پر بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ دیرینہ اتحادیوں اور تزویراتی شراکت داروں کے طور پر پاکستان اور ترکیہ باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے غیر معمولی رشتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور ہم آہنگی کے لیے اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی شکل میں قیادت کی سطح کا طریقہ کار بھی تشکیل دیا ہے، جس کا 7 واں اجلاس 12-13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ صدر اِردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی تھی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین حالیہ ملاقات اسی مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔