چکوال: سالٹ رینج میں نایاب جنگلی بھیڑیا ایک بار پھر نظر آ گیا

جنگلی بھیڑیے کی یہ نسل مدت سے اس علاقے سے غائب تھی، وائلڈ لائف حکام


آصف محمود April 23, 2025

لاہور:

ضلع چکوال میں نایاب جنگلی بھیڑیے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پنجاب کے ضلع چکوال میں واقع سالٹ رینج کے جنگلات میں معدوم تصور کیے جانے والے جنگلی بھیڑیے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جس نے نہ صرف ماحولیاتی ماہرین بلکہ محکمہ تحفظِ جنگلی حیات کو بھی حیرت اور خوشی میں مبتلا کر دیا ہے۔

وائرل ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق یہ نایاب جنگلی بھیڑیا موٹر وے ایم 2 کے قریب سالٹ رینج کے پہاڑی سلسلے میں دیکھا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق یہ نسل کئی دہائیوں سے اس خطے میں نظر نہیں آئی تھی اور ماہرین نے اسے عملاً مقامی سطح پر معدوم قرار دے رکھا تھا۔

ایکسپریس نیوز کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو دس روز قبل ایک مقامی شہری نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے اس کی تصدیق کے لیے ٹیم روانہ کی۔

ابتدائی مشاہدات اور ماہرین کی رائے کے مطابق یہ جانور "انڈین وولف" (Canis lupus pallipes) نسل کا جنگلی بھیڑیا ہے جو برصغیر کے خشک اور نیم خشک علاقوں میں پایا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اس کی تعداد انتہائی کم رہ گئی ہے۔

ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز سالٹ رینج محمد زاہد نے تصدیق کی ہے کہ ایک سال قبل بھی اسی علاقے میں بھیڑیے کی موجودگی رپورٹ ہوئی تھی اور اب دوبارہ اس جانور کا نظر آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سالٹ رینج کا ماحولیاتی نظام ایک بار پھر نایاب جنگلی حیات کو پناہ دینے کے قابل ہو رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’’بھیڑیے جیسے اہم شکاری کی موجودگی ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے کیونکہ یہ کمزور اور بیمار جانوروں کا شکار کرکے قدرتی انتخاب کے عمل کو برقرار رکھتا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق بھیڑیوں کا غائب ہونا انسانی مداخلت، غیر قانونی شکار، چراگاہوں کی کمی اور قدرتی مسکن کی تباہی کا نتیجہ تھا۔ اب ان کی واپسی قدرتی نظام کی بحالی کا اشارہ ہے، لیکن اس نایاب جانور کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ اس کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اس حوالے سے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے مقامی آبادی میں آگاہی مہم چلانے اور گشت کے نظام کو مضبوط کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یاد رہے کہ سالٹ رینج کا شمار پنجاب کے چند اہم حیاتیاتی تنوع والے علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں چیتا، لومڑی، جنگلی بلی، نیولا، سیہہ اور مختلف اقسام کے پرندے بھی پائے جاتے ہیں۔

بھیڑیے کی دوبارہ موجودگی اس خطے کی قدرتی اہمیت اور ماحولیاتی صحت کی بحالی کی علامت ہے۔ ماہرین نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سالٹ رینج کو وائلڈ لائف پروٹیکشن زون قرار دیا جائے تاکہ نہ صرف بھیڑیے بلکہ دیگر نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں