گجرات میں شوہر نے بیوی کو میکے جانے کی خواہش پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

والدین جب اپنی بیٹی کے سسرال پہنچے تو بشریٰ کی حالت دیکھ کر ان کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی


ویب ڈیسک August 01, 2014
جلاد شوہر نے بیوی کو اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس کے سر تک کے بال مونڈھ ڈالے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

حوا کی بیٹی کو معاشرے کے کچھ درندہ صفت افراد نے اس قدر بے بسی کی مثال بنادیا ہے کہ شرم سے آنکھیں جھک جاتی ہیں اور اسی کی تازہ مثال گجرات میں قائم کی گئی جہاں شوہر نے بیوی کو صرف میکے جانے کی خواہش پر شدید تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے علاقے بٹھوال کے رہائشی امتیاز نے کچھ عرصہ قبل بشریٰ سے شادی کی، شادی کے بعد بشریٰ کی سسرال میں یہ پہلی عید تھی جس پر بیچاری میکے جانے کی ضد کر بیٹھی تو شوہر امتیاز کو اتنا ناگوار گزرا کہ اس نے عیدی کی شکل میں نہ صرف بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسے سر کے بال تک مونڈھ دیئے اور پھر بھی دل نہ بھرا تو اسے ایک کمرے میں بند کرڈالا۔

بیٹی کےعید پر رابطہ نہ کرنے پر جب بشریٰ کے والدین اس کے سسرال پہنچے تو بشریٰ کی حالت دیکھ کر ان کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی اور اس سے قبل کہ وہ کچھ پوچھتے ملزم نے ان کی بیٹی اور والدین دونوں کو جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر خاموش رہنے کا کہا لیکن بشریٰ کے والدین تھانہ دولت نگر پہنچ گئے اور امتیاز کے خلاف شکایت درج کرادی جس پر پولیس نے امتیاز کے خلاف تشدد اور قتل کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا جبکہ ملزم نے بھی اپنے اس گھناؤنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔