پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈے پر پاکستانی شوبز شخصیات برہم

اداکارہ مشی خان نے کہا کہ یہ شخصیات فلسطین میں ہونے والے قتل عام پر خاموش رہیں لیکن پہلگام واقعے پر افسوس کر رہی ہیں


ویب ڈیسک April 26, 2025

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار یاسر نواز نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غلط معلومات اور نفرت پھیلانے سے باز آئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Yasir Nawaz (@itsyasirnawaz)

اداکار یاسر حسین نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے نفرت انگیز بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ایٹمی طاقت ہے اور نفرت پھیلانے کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم ملکی معاملات میں متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکار شمعون عباسی نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد غلط خبریں پھیلانے پر تنقید کی۔ انہوں نے مثال دی کہ بھارتی میڈیا نے ایک زندہ شادی شدہ جوڑے کو ہلاک قرار دیا، جو بعد میں خود سامنے آ گیا۔ شمعون عباسی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھارتی میڈیا کے منفی رویے پر انسٹاگرام اسٹوری میں اظہار برہمی کیا اور کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری بھارتی میڈیا پر عائد ہوگی۔

گلوکار عمیر جسوال نے بھارتی میڈیا کی جانب سے ہلاک شدہ قرار دیے گئے جوڑے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کا پروپیگنڈا قرار دیا۔

اس کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اداکارہ ماہرہ خان، صبا قمر، فواد خان اور ہانیہ عامر نے بھی پہلگام واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ تاہم، اداکارہ مشی خان نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات فلسطین میں ہونے والے قتل عام پر خاموش رہیں لیکن پہلگام واقعے پر افسوس کر رہی ہیں۔

پاکستانی شوبز شخصیات نے بھارتی میڈیا اور حکومت کے منفی پروپیگنڈے کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کی ہے اور بھارتی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حکومت اور میڈیا کے بیانیے کو سمجھیں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں